09 اپریل ، 2023
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ اپنی مقبولیت برقرار رکھنے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کراتا رہتا ہے۔
کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ واٹس ایپ میں ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو دیگر میسجنگ ایپس کا حصہ ہوتے ہیں۔
اس کی ایک بڑی مثال واٹس ایپ پولز فیچر ہے جو حال ہی میں متعارف کرایا گیا، مگر ٹیلیگرام نامی میسجنگ ایپ میں کئی سال سے موجود تھا۔
اسی طرح اب واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو ٹیلیگرام کے مقبول ترین فیچر سے متاثر محسوس ہوتا ہے۔
WAbetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب ایک نیا فیچر چینلز متعارف کرایا جا رہا ہے جو ٹیلیگرام چینلز سے متاثر محسوس ہوتا ہے۔
واٹس ایپ چینلز کے بارے میں فروری میں بھی رپورٹ سامنے آئی تھی مگر اس وقت اس کا نام پرائیویٹ نیوز لیٹر بتایا گیا تھا، جو اب بدل دیا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بڑے پیمانے پر مختلف تفصیلات یا مواد دوستوں یا گروپس کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
صارفین ایسے اکاؤنٹس کو فالو بھی کر سکیں گے جن سے وہ نیوز لیٹرز موصول کرنا چاہتے ہوں گے۔
اس فیچر پر کام جاری ہے اور ممکنہ طور پر آنے والے مہینوں میں عام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کو اسٹیٹس ٹیب میں استعمال کرنا ممکن ہوگا اور اس فیچر کی وجہ سے اسٹیٹس ٹیب کا نام بدل کر اپ ڈیٹ رکھ دیا جائے گا۔
صارفین کو یہ کنٹرول بھی دیا جائے گا کہ کون ان کے چینلز کو فالو کر سکتا ہے اور کس کو وہ مواد دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ فیچر مارکیٹنگ کا بھی بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے، مگر اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔