11 اپریل ، 2023
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر آباد حملے کے مقدمے کے مدعی انسپکٹر عامر شہزاد کی اچانک موت پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عامر شہزاد قتل کی سازش کے پیچھے سازشیوں کو بے نقاب کرنے کا اہم گواہ تھا،جے آئی ٹی کے ریکارڈ سے بھی چھیڑ چھاڑکی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے تفتیش کار ڈاکٹر رضوان اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس میں مقصود چپڑاسی کی موت سے متعلق پراسرار حالات پر بھی نظر دہرانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عامر شہزاد کے کزن کے مطابق عامر کو گھر میں سینے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کا انتقال ہوا۔
مرحوم انسپکٹر عامر شہزاد کے بھائی نے پولیس کو تحریری بیان میں کہا ہے کہ عامر کی موت طبعی ہے،کوئی تحقیقات نہیں چاہتے ، کسی تنازع کا حصہ نہ بنایا جائے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر 3 نومبر 2022 میں وزیر آباد میں حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔