11 اپریل ، 2023
اپنی گاڑی کے لیے منفرد لائسنس پلیٹ پر آپ کتنے روپے خرچ کرنا پسند کریں گے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر دبئی میں ایک فرد نے اپنی پسند کی لائسنس پلیٹ خریدنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالرز (4 ارب 29 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کردیے۔
2 حروف پر مبنی لائسنس پلیٹ کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا جو ساڑھے 5 کروڑ درہم میں نیلام ہوئی اور اس طرح دنیا کی مہنگی ترین لائسنس پلیٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
اس لائسنس پلیٹ پر P7 لکھا ہوا ہے اور اس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم عالمی سطح پر خوراک فراہم کرنے والے یو اے ای کے ایک فلاحی ادارے کو عطیہ کی جائے گی۔
اس لائسنس پلیٹ کو نیلام کرنے والے ایمریٹس آکشن کی جانب سے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ دنیا کی مہنگی ترین لائسنس پلیٹ ہے اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہوگا۔
اس لائسنس پلیٹ کی نیلامی کے لیے قیمت 40 لاکھ ڈالرز سے شروع ہوئی تھی اور اختتام ڈیڑھ کروڑ ڈالرز پر ہوا۔
نیلام کرنے والے ادارے کی جانب سے لائسنس پلیٹ کے خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل بھی دنیا کی مہنگی ترین لائسنس پلیٹ کا ریکارڈ متحدہ عرب امارات میں 2008 میں قائم ہوا تھا۔
اس وقت ایک کاروباری شخصیت نے ایک کروڑ 43 لاکھ ڈالرز میں ایک لائسنس پلیٹ خریدی تھی اور 15 سال بعد یہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔