Time 12 اپریل ، 2023
پاکستان

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ کل سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ فوٹو فائل
آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ کل سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ فوٹو فائل

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی سزا کے خلاف اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ کل سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے گزشتہ روز سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر سزا سُنا کر نااہل کیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر الیاس کے وکلا پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس اپیل میں سابق وزیراعظم کو موجودہ وزیراعظم کیوں لکھا؟ جب آپ کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہہ دیا تھا تو بات کیوں نہیں مانی گئی۔

وکیل سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جناب عالی اس لفظ کو سابق وزیر اعظم ہی تصور کیا جائے۔

چیف جسٹس راجہ سعید نےکہا کہ ہم کیسے اسے سابق پڑھیں، آپ سینئر وکیل ہیں، یہ سپریم کورٹ ہے کوئی مذاق نہیں، جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں ہوتا، ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رہےگا وہ سابق وزیر اعظم ہی تصور ہوں گے، نئی اپیل دوبارہ جمع کرائیں دیکھیں گے اسے کب قبول کرنا ہے۔

بعد ازاں سردار تنویر الیاس کے وکلا کی جانب سے نئی درخواست دائر کی گئی جسے سپریم کورٹ نے کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

مزید خبریں :