13 اپریل ، 2023
نیو کراچی صنعتی ایریا میں 2 فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعہ میں متاثرہ دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، ملبے تلے دب کر 4 ریسکیو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز نیو کراچی صنعتی ایریا میں 2 فیکٹریوں میں آگ لگی تھی،آگ کے باعث عمارتیں کمزور ہوگئیں ،بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مسلسل کولنگ کے دوران دونوں عمارتیں گر گئیں۔
آگ سے متاثرہ ایک فیکٹری تولیہ اور دوسری اسپیئر پارٹس کی تھی، واقعہ میں 4 ریسکیو اہلکار جاں بحق اور 11 فائر فائٹرز سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے کے نیچے سے چاروں ریسکیو اہلکاروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جاں بحق افرادکی شناخت محسن،افضال،سہیل اور خالد شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔
جائے وقوعہ پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طلحہ سلیم بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے فیکٹری گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان سے رابطہ کیا۔
ترجمان کے مطابق گورنر سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔