13 اپریل ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کے لیے فاسٹ بولرز میں مقابلہ سخت ہو گیا ہے۔
شاہ نواز دھانی پی ایس ایل میں انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے اب وہ پاکستان شائینز ٹیم کے ساتھ زمبابوبے جا رہے ہیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز دھانی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان کو مزید اچھے فاسٹ بولر مل گئے ہیں، اب فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ سخت ہو گیا ہے، ہر فاسٹ بولر کم بیک کے لیے خود کو زیادہ فٹ رکھنے کی کوشش کرے گا اور ساتھ ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھی بھرپور کوشش کرے گا، فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ وہ بیٹنگ پر زیادہ توجہ تو نہیں دے رہے البتہ اپنی بولنگ میں مزید نکھار لانے کے لیے محنت کر رہے ہیں کیونکہ وہ بولنگ کی وجہ سے ہی ٹیم میں جگہ بناسکیں گے اس لیے وہ بولنگ پر زیادہ کام کر رہے ہیں۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا یہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا سال ہے اس لیے دورہ زمبابوے پر کوشش کروں گا کہ ٹاپ پرفارمر بنوں اور ٹیم میں کم بیک کر کے میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کروں۔
شادی سے متعلق سوال پر شاہنواز دھانی نے بتایا کہ انہوں نے یا گھر والوں نے لڑکی تو پسند نہیں کی ہے البتہ گھر والوں نے کہا ہے کہ ایک سال میں شادی کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شائینز ٹیم کی مصروفیت کی وجہ سے عید اس بار ملک سے باہر ہو گی، عید پر گھر والوں کا کھانا، پھر عیدی ملنا اور گاؤں والوں کے ساتھ عید منانے کا موقع مس کروں گا۔
قومی بولر کا کہنا تھا وہاب ریاض کی طرح انہیں بھی اسپورٹس منسٹر بننے کا موقع ملا تو وہ اندرون سندھ میں کرکٹ اکیڈمیز بنائیں گے۔