14 اپریل ، 2023
نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم جیسے بیٹر کے خلاف اکثر بہتر سے بہتر پلان بھی کارآمد نہیں ہوتا، پاکستان ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر کافی مشکل حریف ہے، سیریز میں برتری حاصل کرنے کیلئے اپنا بہتر سے بہتر کھیل دینا ہوگا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے آغاز سے قبل جیو نیوز کو انٹرویو میں جمی نیشم نے کہا کہ پاکستان میں اگلے چند دنوں میں بہت زیادہ کرکٹ ہوگی، پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہوگا، امید ہے کہ نیوزی لینڈ کے پلیئرز اس سیریز میں اپنے حالیہ تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
جمی نیشم نے لاہور میں گزشتہ ماہ پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے میچز کھیلے تھے ،تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس بار موسم تھوڑا گرم ہے لیکن باؤنڈریز کا سائز پچھلی بار کے مقابلے میں بڑا نہیں، انہوں نے کہا کہ وہ یہاں ہائی اسکورنگ میچز کی توقع کرتے ہیں۔
ایک سوال پر جمی نیشم نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ چند سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دی ہے اور ٹیم کو اندازہ ہے کہ اس طرح کی کنڈیشن میں کس طرح کھیلنا ہے ،اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنے پلانز پر ٹھیک طرح عمل درآمد کریں۔
انہوں نے کہا کہ بولرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے اسپیلز کے دوران حریف کو بڑا اسکور بنانے سے روکیں۔
نیشم کا کہنا تھا کہ کسی بھی بیٹر کے خلاف کوئی پرفیکٹ پلان نہیں ہوسکتا، ٹیمں اپنا ذہن بناکر آتی ہیں کہ کس بیٹر کو کہاں بولنگ کرانی ہے، اس کے کچھ فوائد بھی ہیں اور کھ نقصانات بھی۔ آخر میں وہی بات اہم ہوتی ہے کہ کون اپنا پلان ٹھیک طرح اپلائی کرتا ہے اور قسمت کس کا ساتھ دیتی ہے۔ بابر اعظم جیسے مستند بیٹر کے خلاف اکثر اچھے سے اچھا پلان ناکام ہوجاتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ان کے خلاف اپنا بہترین کھیل دیں۔
نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کم تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کی موجودگی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کو کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہے جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، امید ہے اگلے چند روز کے دوران یہ پلیئرز اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور بتائیں کہ ان میں کیا صلاحیتیں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی آج رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔