13 اپریل ، 2023
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا بیان سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، مقامی وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہو گا۔
اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر لاہور میں پاکستان کی کٹ میں کھیلنا اچھا احساس ہے، ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کے ساتھ سینئر کھلاڑی بھی ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز دلچسپ ہو گی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک سال رہ گیا ہے، اس سیریز میں دیکھیں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں، اس سیریز سے ون ڈے سیریز کے لیے بھی مدد ملےگی۔
کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تقریباً ایک ہی ٹیم ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔