Time 14 اپریل ، 2023
پاکستان

سعودیہ سے تعلقات کی بہتری سے مسلم دنیا میں انتشار کم ہوگا : ایرانی قونصل جنرل

خوش قسمتی سے پچھلے چند ہفتوں میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے کہ یہ کلیدی اقدامات مسلم اقوام کے درمیان خلیج کم کریں گے۔حسن نوریان— فوٹو: جیو نیوز
خوش قسمتی سے پچھلے چند ہفتوں میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے کہ یہ کلیدی اقدامات مسلم اقوام کے درمیان خلیج کم کریں گے۔حسن نوریان— فوٹو: جیو نیوز

 ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری سے مسلم اقوام کے درمیان انتشار کی صورتحال میں کمی آئے گی۔

کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں یوم القدس کی مناسبت سے منعقد افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ خوش قسمتی سے پچھلے چند ہفتوں میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت میں اضافہ ہوا ہے، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کا اعلان کا زیادہ تر مسلم ممالک نے خیر مقدم کیا ہے۔ امید ہے کہ یہ کلیدی اقدامات مسلم اقوام کے درمیان خلیج کم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج 80 ممالک میں یوم القدس منایا جارہا ہے،  ایسی تقاریب اس بات کی علامت ہیں کہ مسئلہ القدس مسلم دنیا کا سب سے بڑا اشو ہے۔ 1948 سے صیہونی ریاست فلسطینی مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کی جاتی ہے اور مسلمانوں کو نماز کی اجازت نہیں دی جاتی، تاہم انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے دوعشروں سے بیس لاکھ فلسطینیوں کا غزہ میں محاصرہ کیا ہوا ہے اور چالیس لاکھ فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا جبکہ خود فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی آباد کاری کر رہا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 44 قراردادیں پیش کی گئیں مگر امریکا نے ہمیشہ ویٹو پاور کا استعمال کر کے انہیں بے اثر بنادیا۔

ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ یہ یقینی ہے کہ مظلوم لوگ ہی مستقبل قریب میں دنیا کے حکمراں ہوں گے،

یوم القدس کی مناسبت سے منعقد افطار ڈنر کی اس تقریب میں  ایرانی قاری اور نعت خوانوں نے ہدیہ کلام پیش کیا جسے شرکا نے بے حد سراہا۔  تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری،  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت نامور سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی جبکہ روس، قطر، کویت، ترکی، انڈونیشیا، ملائیشیا، عمان، بنگلادیش اور سری لنکا سمیت کئی ممالک کے قونصل جنرلز بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مزید خبریں :