Geo News
Geo News

Time 22 اپریل ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

پگھلتےگلیشیئر سے سطح سمندر بلند ہونےکی شرح دوگنی ہوگئی، پاکستان کیلئے شدید خطرات

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہےکہ دنیا کےگلیشیئر  ڈرامائی انداز میں پگھل رہے ہیں جس سے سمندر کی سطح بلند ہونےکی شرح دوگنی ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرین ہاؤس گیسز کا ریکارڈ اخراج دنیا پربری طرح اثر انداز ہو رہا ہے، پچھلے 8 سال کرہ ارض کے گرم ترین سال ریکارڈ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ریکارڈ سطح کو چھوگیا ہے، 2013 سے 2022 کے دوران سمندرکی سطح  4.62 ملی میٹر کی شرح سے بلند ہوئی، سمندر کی سطح بلند ہونے کی یہ شرح 1993 سے 2002 کی شرح سے دوگنی ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں بڑھتے عالمی درجہ حرارت اورپگھلتےگلیشیئر کو  پاکستان کے لیے بری خبر قرار دیا گیا ہے۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 7000  گلیشیئر ہیں، پاکستان کےگلیشئیر قطبین کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں،  پچھلے سال پاکستان میں بارشوں اورپگھلتے گلیشئیر سےسیلاب نےلاکھوں افراد کو بےگھرکیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ریکارڈ بارشوں اور افریقا میں قحط نے لاکھوں افراد متاثر کیے، 2022 میں پاکستان اور بھارت میں پری مون سون بارشوں سے فصلوں کا بے اندازہ نقصان ہوا، چین اور  یورپ کی بے پناہ گرمی نے بھی لاکھوں افراد کو متاثر کیا، بڑھتی گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے دنیا میں غذائی قلت بڑھادی، غذائی قلت سے لوگ ہجرت پر مجبور ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  1993 سے 2019 کے دوران دنیا کے گلیشئیر 6 ہزار گیگا ٹن برف سے محروم ہوگئے، 6 ہزار گیگا ٹن سے سب سے بڑی یورپی جھیل جنیوا لیک جیسی 75 جھیلوں کا پانی بہہ گیا۔