پاکستان

الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ، وفاقی کابینہ نے سمری پارلیمنٹ کو بھیج دی

سمری پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی، اسٹیٹ بینک کا رقم جاری کرنے میں کردار نہیں ہے: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ. فوٹو فائل
 سمری پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی، اسٹیٹ بینک کا رقم جاری کرنے میں کردار نہیں ہے: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ. فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پنجاب اور کے پی انتخابات کیلئے 21 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری پارلیمنٹ کو بھیج دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق، امیر مقام، مرتضٰی جاوید عباسی، رانا ثنااللہ، مصدق ملک، اسعد محمود، شاہ زین بگٹی، ریاض پیرزادہ اور حنا ربانی کھرسمیت دیگر کابینہ اراکین شریک ہوئے۔

کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز سے متعلق فیصلے پر غور کیا گیا جس کے بعد کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری پارلیمنٹ کو بھیج دی۔

اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سمری پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی، اسٹیٹ بینک کا رقم جاری کرنے میں کردار نہیں ہے، یہ رقم جاری کرنا وزارت خزانہ اور قومی اسمبلی کا استحقاق ہے، عدالت نے بھی یہی بات کی تھی کہ بعد میں آپ اس کی منظوری لے لیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا تھا کہ ہم ضمنی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری آج کابینہ اجلاس کوبھجوا دیتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کوپارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اخراجات کا اختیار نہیں، قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فنڈز جاری ہوجائیں گے، خزانہ ڈویژن بھی کابینہ اور قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈ استعمال نہیں کرسکتی۔

مزید خبریں :