Time 19 اپریل ، 2023
پاکستان

کراچی کے شاپنگ مال میں آتشزدگی کا معمولی واقعہ، فائر الارم بجنے سے بھگدڑ مچ گئی

بھگدڑ  کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے معمولی زخمی ہوئے— فوٹو: اسکرین گریب
بھگدڑ کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے معمولی زخمی ہوئے— فوٹو: اسکرین گریب 

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے معمولی واقعے کے بعد بھگدڑ مچ گئی جبکہ فائر الارم بجنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل معروف عثمان کے مطابق راشد منہاس روڈ پر فیڈل بی انڈسٹریل ایریا میں واقع معروف شاپنگ مال کے فوڈ کوٹ میں ایک آوٹ لیٹ میں گیس سلنڈر سے آگ لگ گئی جس سے شاپنگ مال کے فائر الارم بج اٹھے اور بھگدڑ مچ گئی۔ 

انہوں نے بتایا کہ بھگدڑ  کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے معمولی زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق عید کی شاپنگ کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد مال میں موجود ہے، اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھا دی گئی اور صورتحال معمول پر آگئی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ان کی ایمبولینسز اور رضا کار موقع پر پہنچے تھے تاہم کوئی زخمی اسپتال لے جانے کے لیے نہیں ملا جبکہ فائر بریگیڈ نے بتایا کہ اس سلسلے میں اطلاع ملی ہے تاہم کوئی رپورٹ فائل نہیں کی گئی۔

دوسری جانب شاپنگ مال کے چیف سکیورٹی افسر شبیر اعوان کا کہنا ہے کہ غلطی سے فائر الارم بج گیا تھا جس کے نتیجے میں یہ افواہ پھیل گئی کہ آگ لگ گئی۔

مزید خبریں :