21 اپریل ، 2023
20 اپریل کا دن ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کے لیے ڈرامائی ثابت ہوا۔
سب سے پہلے ٹیسلا کی جانب سے جنوری سے مارچ کی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج جاری کیے گئے جو سرمایہ کاروں کے لیے مایوس کن ثابت ہوئے، جس کے نتیجے میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی کے حصص کی قیمت 9.75 فیصد کمی آئی۔
اس کے بعد ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ اپنی اولین پرواز کے 4 منٹ بعد ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔
اس کے بعد ایلون مسک نے اپنے وعدے کے مطابق 20 اپریل کو ٹوئٹر پر مفت ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیے۔
ان سب واقعات کے باعث دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کی دولت پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ان ڈرامائی 24 گھنٹوں کے نتیجے میں ایلون مسک کی دولت میں 12.4 ارب ڈالرز کی کمی آئی۔
یہ 2023 کے دوران پہلا موقع ہے جب ایلون مسک کی دولت میں ایک دن کے اندر اتنی کمی آئی۔
لگ بھگ 13 ارب ڈالرز کی کمی کے بعد ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت 164 ارب ڈالرز پر پہنچ گئی ہے۔
ایلون مسک سے گزشتہ سال فرانس کے برنارڈ آرنلٹ نے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز چھین لیا تھا تاہم 2023 کے دوران اسپیس ایکس کے بانی کی دولت میں اب تک 26.8 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے۔