22 اپریل ، 2023
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ سیاسی پارٹیوں میں گفتگو آگے نہیں بڑھتی تو 14 مئی کو الیکشن کا فیصلہ برقرار رہےگا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، خدشہ ہےکہ پی ڈی ایم تاخیر کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئینی بحران کو نکالنے کے لیے ایک راستہ دیا ہے، مذاکرات کے لیے شرط صرف یہ ہےکہ ہمارے مذاکرات آئین کے اندر رہ کر ہوں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔
بلاول کے مجوزہ دورہ بھارت پر ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھارت جا رہے ہیں تو امید ہے وہ مقبوضہ کشمیر کو نہیں بھولیں گے، دس بارہ سال بعدپاکستان کا وزیر خارجہ بھارت جا رہا ہے، امید ہے وہ بھارت میں اقلیتوں پر تشدد کے خلاف بھی آواز اٹھائیں گے۔