25 اپریل ، 2023
ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے کبل دھماکے کی وجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دیدیا۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والا دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا، ایک دھماکے کے 12منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تین شہریوں کی میتیں ورثاکے حوالے کردی گئی ہیں، ماہرین نے کرائم سین کامعائنہ کیاہے،دھماکے میں کسی خودکش یاحملہ آورکے شواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب کبل دھماکے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کےمطابق دھماکے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ عابد مجید اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شامل ہیں۔
تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے گی اور کمیٹی کو تحقیقات جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہےکہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 اہلکار شہید جب کہ 57 زخمی ہوئے۔