Time 26 اپریل ، 2023
پاکستان

عسکری حکام پر الزامات پر عمران خان کیخلاف مقدمےکے مدعی مجسٹریٹ ہائیکورٹ طلب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں عمران خان کے خلاف درج مقدمے کے مدعی علاقہ مجسٹریٹ کو طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی مقدمہ اخراج کی درخواست پرسماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

حکم نامے میں مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو  آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونےکی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم نامے میں مدعی مقدمہ اور  پولیس کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا کہ یہ وقوعہ لاہورکا ہے، یہاں مقدمہ درج نہیں ہوسکتا، عمران خان کے وکیل کے مطابق مقدمے میں لگائے الزامات جرم کے زمرےمیں نہیں آتے۔

رجسٹرار آفس نے کیس 11 مئی کو آئندہ سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مجسٹریٹ کی مدعیت میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہے، عمران خان نے تھانہ رمنا اسلام آباد میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا،عمران خان نے اس مقدمے میں لاہور ہائی کورٹ سے بھی آج تک حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔

دوسری جانب  اسلام آباد پولیس نے کیس کی تحقیقات کے لیےخصوصی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

مزید خبریں :