26 اپریل ، 2023
معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد دس سالوں تک کسی ڈرامے یا فلم میں کام نہیں کریں گی۔
عائشہ عمر نے عید الفطر کے پہلے روز نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں اداکاراؤں ایمان علی، سونیا حسین اور اداکار ہمایوں سعید سمیت دیگر بھی شامل تھے۔
دوران پروگرام اداکاروں نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کی اور منصوبے بتائے کہ آئندہ کچھ سالوں میں وہ کیا کرنے والے ہیں۔
اسی دوران میزبان نے عائشہ سے سوال کیا کہ تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے بعد شوبز میں 10 سال تک کام نہ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
اداکارہ نے اپنی بات پر وضاحت دی اور کہا 'میں نے یہ فیصلہ اس لیے نہیں کیا کہ شوہر کو وقت دوں یا ان کے روکنے کی وجہ سے، بلکہ شادی کے بعد بچے ہوں گے، اسی لیے سوچا ہے کہ یہ وقت بچوں کو دوں گی'۔
عائشہ عمر کے مطابق شادی ہوجانے کے بعد وہ بچے ہونے پر زیادہ توجہ مرکوز کریں گی اور جب انہیں پہلا بچہ ہوگا تو وہ کم از کم 10 سال تک اداکاری ہی نہیں کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہوسکتا ہے میں دوسرے کام یعنی پینٹنگ اور گلوکاری وغیرہ کروں لیکن 14 گھنٹے تک اداکاری کرنے جیسا کوئی کام نہیں کروں گی۔