26 اپریل ، 2023
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک ممکنہ طور پر اپنے زیر ملکیت سوشل میڈیا نیٹ ورک کو ایک متبادل اکاؤنٹ سے بھی استعمال کرتے ہیں، جس میں وہ اپنے 2 سالہ بیٹے کی حیثیت سے ٹوئٹس کرتے ہیں۔
گزشتہ دنوں ٹوئٹر کے ایک فیچر کے بارے میں بتاتے ہوئے ایلون مسک نے اپنی پروفائل کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں دائیں جانب ایک متبادل اکاؤنٹ بھی نظر آ رہا تھا۔
اس اکاؤنٹ میں ایلون مسک کے بیٹے X Æ A-12 کی تصویر پروفائل فوٹو کے طور پر لگی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اگر کسی فرد کے ٹوئٹر پر ایک سے زیادہ اکاؤنٹس ہوں تو صارف اپنی پروفائل فوٹو پر کلک کرکے وہاں دیگر پروفائلز فوٹوز کے ذریعے ان اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
ایلون مسک کے اس دوسرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 25 اپریل کو آخری ٹوئٹ کی گئی تھی جس پر لکھا تھا کہ 'میں 4 مئی کو 3 سال کا ہو جاؤں گا'۔
ایلون مسک کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ اکاؤنٹ ان کا ہی ہے مگر ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'آپ کبھی اندازہ نہیں لگا سکتے کہ یہ میں ہوں'۔
ایلون مسک کے متبادل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی افواہ کے بعد اسے فالو کرنے والوں کی تعداد چند دن میں 6 سے ہزار سے بڑھ کر 43 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
اس اکاؤنٹ کا یوزر نیم ایلون ٹیسٹ ہے جو نومبر 2022 میں بنایا گیا تھا۔
اس اکاؤنٹ کی جانب سے لوگوں کے ٹوئٹس پر عجیب جوابات بھی دیے جاتے ہیں جو کافی حد تک ایلون مسک کے مزاج سے مماثلت رکھتے ہیں۔
البتہ اگر یہ واقعی ایلون مسک کا ہی اکاؤنٹ ہے تو اسے بنانے کا مقصد واضح نہیں۔