Time 26 اپریل ، 2023
کھیل

راولپنڈی میں تیز بارش، پریکٹس سیشن وقت سے پہلے ختم، کل بھی بارش کی پیشگوئی

راولپنڈی میں کل بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کل ہونے والا پہلا ون ڈے بھی متاثر ہوسکتا ہے— فوٹو : جیو نیوز
راولپنڈی میں کل بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کل ہونے والا پہلا ون ڈے بھی متاثر ہوسکتا ہے— فوٹو : جیو نیوز

راولپنڈی میں اچانک تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا پریکٹس سیشن وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔

راولپنڈی میں کل بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور  کل ہونے والا پہلا ون ڈے بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز کل سے ہوگا۔ ون ڈے اسکواڈ کیلئے پاکستان ٹیم میں  6 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز  2-2 سے برابر ی پر ختم ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا۔

گرین شرٹس کا اب پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کیویز سے مقابلہ ہوگا۔ ون ڈے اسکواڈ کیلئے پاکستان ٹیم میں 6  کھلاڑیوں عبداللہ شفیق، آغا سلمان ، حارث سہیل، امام الحق، اسامہ میر  اور  وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ ون ڈے اسکواڈ میں تجربے کار کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم کی اسٹرینتھ بڑے گی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے مارک چیمپین کو ون ڈے اسکواڈ میں بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ سیریز کا پہلا ون ڈے کل راولپنڈی میں کھیلا جائےگا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

مزید خبریں :