26 اپریل ، 2023
پاکستان تحریک انصاف نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی نے گورنر خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کیلئے معظم بٹ ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں صدر پاکستان، وفاقی حکومت، گورنر خیبرپختونخوا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق گورنر نگران حکومت کے قیام کے بعد الیکشن تاریخ دینے کا پابند ہوتا ہے مگر گورنر نے 90 روز گزرنے کے باوجود الیکشن کی تاریخ نہ دے کر اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی لہٰذا انھیں عہدے سے ہٹایا جائے اور انکے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے اور صدر پاکستان قائم قام گورنر نامزد کریں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نگران حکومت کے 90 دن مدت ختم ہونے کے باوجود نگران وزرا اپنے دفاتر خالی نہیں کر رہے جنہیں عدالت خالی کرنے کا حکم دے۔