27 اپریل ، 2023
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کل ایک عجیب ایف آئی آر میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی ہے۔
عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ایف آئی آر سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم جنگل کے قانون کے نیچے ہیں، طاقتور اور خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والوں نے میرے خلاف غداری کا مقدمہ کرایا۔
عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’توہینِ ڈرٹی ہیری اور توہینِ سائیکوپیتھ پر میرے خلاف غداری کا مقدمہ کیا گیا۔‘
پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کا کہنا ہے کہ عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں عمران خان بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عبوری ضمانت کیلئے کل اسلام آباد آئیں گے، عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ سے حاصل کردہ حفاظتی ضمانت 26 اپریل کو ختم ہوچکی ہے۔
عمران خان کے خلاف مجسٹریٹ کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عدالت پیشی پر مؤثر سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے، ایف آئی آر قانون کے مطابق درج ہوتی ہیں جن کا فیصلہ عدالت کرتی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں کسی کو کوئی امتیازی حیثیت حاصل نہیں، امید ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھی عدالت پیشی پرقانون کا احترام کریں گے۔