28 اپریل ، 2023
ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کی صحت سے متعلق ترک حکام کا بیان سامنے آگیا۔
ان دنوں ترکیے میں 14 مئی کے پارلیمانی وصدارتی انتخابات کی مہم جاری ہے، اسی دوران صدر رجب طیب اردوان نےمنگل کو 2 ٹی وی چینلز کو مشترکہ انٹرویو دیا۔
ترک صدر کا انٹرویو 90 منٹ تاخیر سے شروع ہوا اور پھر انٹرویو شروع ہونے کے 10 منٹ بعد رجب طیب اردوان کے پیٹ میں تکلیف کے باعث اسے اچانک روک دیا گیا۔
تاہم صدر اردوان 15منٹ کے وقفے کے بعد واپس آئے اور ناظرین سے معافی مانگی، ترک صدر نے وقفے کے بعد مزید چند سوالات کے جواب دیے۔
ترک صدر نے کہا کہ کل اور آج کا دن انتہائی مصروف گزرا،اسی وجہ سے پیٹ میں تکلیف ہوئی، میں نے سوچا پروگرام منسوخ کر دیا تو یہ غلط سمجھا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق صدر اردوان انٹرویو میں تھکے ہوئے چہرے سے واپس آئے اور ان کی آنکھوں میں پانی تھا۔
تاہم اب صدر کی صحت کے حوالے سے ترک حکام کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی طبیعت میں بہتری آگئی ہے ، وہ جلد اپنی معمول کی مصروفیات شروع کریں گے۔
ترک میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترک وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صدر رجب طیب اردوان کی طبیعت بہتر ہوئی ہے، صدر اردوان کے معدے میں سوزش کا اثر کم ہوگیا ہے، صدر اردوان جلد دوبارہ اپنی معمول کی مصروفیات کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ ترک صدر نے پیٹ میں تکلیف کے باعث گزشتہ روز کی تمام مصروفیات بھی منسوخ کر دی تھیں، رجب طیب اردوان کو منگل کی رات پیٹ میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی۔