29 اپریل ، 2023
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تصدیق کی ہے کہ جوآڈیولیک ہوئی ہے اس میں آواز میرےبیٹے کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے۔
اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام 'نیا پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے تصدیق کی ہے کہ جوآڈیولیک ہوئی ہے اس میں آواز میرےبیٹے کی ہے، میرے بیٹے کی آواز کوتوڑمروڑ کرپیش کیا گیا، جن لوگوں نے یہ آڈیولیک بنائی ہے وہ بدترین منافق ہیں ۔
جب ان سے سوال ہوا کہ اس آڈیولیک میں تو پنجاب اسمبلی کی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بات ہو رہی ہے اور نجم ثاقب کہہ رہے ہیں کہ آپ نے اس کیلئے بہت کام بھی کیا ہے، اس پر ثاقب نثار نے کہا کہ اس سے کسی کو نقصان ہوا ہو توبتائیں ، آپ کا نقصان ہوا تو بتائیں۔
ثاقب نثار نے کہا کہ میں ایک پرائیویٹ آدمی ہوں ، اور میں کسی کیلئے سفارش کرسکتا ہوں۔
اس پر میزبان نے ثاقب نثار سے پوچھا کہ اس کام کیلئے پیسے بھی لیے جاسکتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ثاقب نثار نے کہا کہ پیسے لینے والے پر لعنت ہو۔