30 اپریل ، 2023
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ بطور اسپنر ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں اہم ذمہ داری ہوگی، کنڈیشنز کے مطابق پریکٹس کریں گے۔
جیونیوز کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور آل راؤنڈر عماد وسیم، شاداب خان اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو فائدہ دیں، تینوں کی بیٹنگ ایسی صورتحال میں آتی ہے جہاں ٹیم کا ہم پر انحصار ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اسپنرز کا بہترین کامبی نیشن ہے، پچاس اوورز کیلئے فٹنس بھی اہم ہوتی جس کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں مڈل آرڈر بیٹر کے طور پر کھیلتا رہا ہوں، جب بھی مڈل آرڈر میں کھیلنے کا موقع ملا تو صورتحال کے حساب سے کھیلوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچوں میں کم رنز ہوتے تھے، وقت کے ساتھ ساتھ پچ تبدیل ہوئی ہے، اب بیٹنگ کیلئے زیادہ سازگار ہوگئی ہے۔
محمد نواز کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کیلئے سازگار پچ پر پلان کے ساتھ بولنگ کرنی پڑتی ہے، اگر پچ سے مدد نہ ملے تو فیلڈنگ اور ویری ایشن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کیلئے سازگار پچوں پر وکٹیں لینے کی کوشش نہیں کرتے، وکٹیں لینے جاؤ تو رنز پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ بیٹنگ کیلئے سازگار پچوں پر بیٹر سے غلطی کروائی جائے۔