30 اپریل ، 2023
پاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 137 سے امیدوار ابوذر مقصود چدھڑ کی آڈیو سامنے آنے کے بعد چھان بین شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹ ہولڈر ابوذر پر2021 میں مقدمہ بھی درج ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت نے ابوذر اور ان کے دوست پر ہونے والے مقدمےکو خارج کردیا تھا۔
پی ٹی آئی امیدوار کے والد مقصود چدھڑ کا کہنا ہے کہ پولیس نے غلط پرچہ کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کردیا تھا، عدالت نے مقدمہ جھوٹا قراردے کرخارج کردیا تھا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ بیٹے کو ٹکٹ ملنے پر کسی کو کوئی رقم نہیں دی، نجم ثاقب میرے بیٹے کا کلاس فیلو ہے، ٹکٹ کیلئے ثاقب نثار نے سفارش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابوذر چدھڑکوپی ٹی آئی میں شامل ہوئے چند ماہ ہوئے ہیں۔
ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب، مڈل مین میاں عزیر اور ٹکٹ ہولڈر ابوذر لندن میں اکھٹے پڑھتے رہے ہیں، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عامر کیانی کے بیٹے فہد کیانی بھی ابوذر کے دوست ہیں۔
تاہم اس بارے میں فہد کیانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ابوذر سے صرف تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، وہ میری شادی میں بھی آئے تھے، وہ میرے دوستوں کے دوست ہیں۔ اس پر ابوذر چدھڑ کا کہنا تھا کہ فہد کیانی ان کا دوست نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پی ٹی آئی امیدوار ابوذر کی آڈیو کال سامنے آئی تھی، ابوذر نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو کہا تھاکہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئیں، بس جلدی سے ٹکٹ چھپوا دیں۔
نجم ثاقب نے کہا تھا کہ بس بابا کا شکریہ ادا کرنے اور انھیں جپھی ڈالنے آجانا، دوسری کال میں نجم ثاقب نے میاں عزیر سے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ سے کم نہ لینا، میری بات نہیں مانی تو میں تم سے بات نہیں کروں گا۔