02 مئی ، 2023
بھارت میں تالے والی قبر کی موجودگی کے باوجود اسے پاکستانی قبر کہنے کی حقیقت افشا ہونے کے بعد چلتے ٹرک سے بکریاں چرانے کی ویڈیو بھی بھارت کی نکلی جسے بھارتی میڈیا نے بھی تسلیم کرلیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سڑک پر تیزی سے رواں دواں ٹرک پر چڑھے ایک شخص کو چرانے کی غرض سے بکریاں بے رحمی سے نیچے پھینکتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
ویڈیو میں ٹرک پر چڑھے شخص نے کئی بکریاں سڑک پر پھینکنے کے بعد کار پر چھلانگ لگائی تھی۔
بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پاکستان کی ویڈیو کہتے ہوئے شیئر کیا جانے لگا تاہم یہ پروپیگنڈہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکا اور زیر غور سڑک پر لگے روڈ سائن کو دیکھتے ہوئے اس ویڈیو کا پول کھل گیا۔
بھارتی میڈیا پر کیے گئے فیکٹ چیک میں بتایا گیا ہے کہ بکریاں چرانے کی ویڈیو پاکستان کے بجائے بھارت کی ہی ہے ، افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشتڑا ناشک میں پیش آیا۔