Time 04 مئی ، 2023
پاکستان

سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے اور دیگر واردات میں ملوث دہشتگرد ہلاک

دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارا گیا، دہشت گرد اقبال ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا— فوٹو: سوشل میڈیا
دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارا گیا، دہشت گرد اقبال ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا— فوٹو: سوشل میڈیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکردہ دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس مقابلےمیں ہلاک ہوگیا، یہ دہشتگرد 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے لاہور حملے میں بھی ملوث تھا۔

دہشت گرد بالی کھیارہ کی ہلاکت کے پی پولیس کی رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی ہے، دہشت گرد اقبال عرف بالی حالیہ ڈی ایچ کیو اسپتال ٹراما سینٹر خودکش دھماکے میں بھی ملوث تھا۔

دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارا گیا، دہشت گرد اقبال ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا، دہشت گرد اقبال دہشتگردی اور  ٹارگٹ کلنگ کی 26 وارداتوں میں ملوث تھا، اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے ایک کروڑ  5 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد اقبال سی ٹی ڈی پولیس ڈی آئی خان کو   21 مقدمات میں مطلوب تھا، اقبال عرف بالی ملتان پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا۔

آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور کے مطابق محمد اقبال خودکش حملہ آور کا سہولت کار اور ٹریننر تھا، اقبال ہائی پروفائل مطلوب دہشتگرد تھا ، اقبال کے تانے بانے سری لنکا ٹیم پر حملے میں بھی تھے، ڈیرہ اسماعیل خان میں اس دہشتگرد سے متعلق ریکی چل رہی تھی ، آج پولیس کا دہشتگرد اقبال عرف بالی سے مقابلہ ہوا۔

آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان گنڈا پور نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت نے اقبال عرف بالی کھیارہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ رکھی تھی ،کے پی حکومت نے سر کی قیمت 30  لاکھ روپے رکھی تھی۔

آئی جی نے بتایا کہ دہشتگرد کا تعلق لشکر جھنگوی و دیگر کالعدم تنظیوں سے تھا۔

آئی جی اخترحیات نے بتایا کہ دہشت گرد اقبال عرف بالی پولیس اہلکار لائق  زمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، ڈی ایس پی کے گن مین لائق زمان کو قائداعظم پولیس میڈل دینےکی سفارش کی جائےگی، دہشت گردوں نے ڈی ایس پی پر فائرنگ کی توگن مین نے فوری جوابی فائرنگ کی، گن مین کی جوابی فائرنگ سےاقبال عرف بالی سمیت دونوں دہشتگرد ہلاک ہوئے، ڈی ایس پی کے گن مین لائق زمان نے بہادری کا مظاہرہ کیا، لائق زمان نے دو صوبوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کیا۔

کرم کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے سے متعلق آئی جی نے کہا کہ کرم کا واقعہ زمین کے تنازع سے شروع ہوا ہے۔

مزید خبریں :