05 مئی ، 2023
بالی وڈ کے بھارتی باکس آفس میں لگاتار سو کروڑ کمانے والی فلموں کی فہرست میں سلمان خان کا مقابلہ کرنے کیلئے شاہ رخ خان، عامر خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن سمیت کوئی بھی اداکار دور دور تک میں موجود نہیں۔
سلمان خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کے سو کروڑ کلب میں شامل ہونے کے بعد ان کی لگاتار سو کروڑ کمانے والی فلموں کی تعداد سولا ہوگئی ہے جو کہ بالی وڈ کا ایک ریکارڈ ہے۔
سلمان خان نے بھارت کے مقامی باکس آفس پر 2010 سے شروع ہونے والے سو کروڑ کلب فلموں کے آغاز کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، دبنگ اس کے بعد ریڈی، باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، جے ہو، کِک، بجرنگی بھائی جان، پریم رتن دھن پایو، سلطان، ٹیوب لائٹ، ٹائیگر زندہ ہے، ریس 3، بھارت، دبنگ 3 اور اب کسی کا بھائی کسی کی جان نے بھی سو کروڑ کمالیے جو کہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو اگلی ایک دو دہائیوں میں ٹوٹتا ہوا نظر نہیں آتا۔
سلمان کے بعد 6 لگاتار فلموں کے ساتھ اکشے کمار اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، ان کی فلم گولڈ، 2.0، کیسری، مشن منگل، ہاؤس فل 4 اور گڈ نیوز نے سو کروڑ کلب میں جگہ بنائی لیکن اب ان کا تسلسل ٹوٹ چکا ہے اور سلمان خان کا ریکارڈ توڑنے کیلئے ان کی گنتی دوبارہ ’0‘ سے شروع ہوگی۔
شاہ رخ خان اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، ان کی لگاتار 6 فلموں نے بھارتی باکس آفس میں سو کروڑ کما کر اس فہرست میں جگہ بنائی، ان کی فلموں میں را ون، جب تک ہے جان، چنائی ایکسپریس، ہیپی نیو ائیر اور دل والے شامل تھی۔
حالانکہ شاہ رخ خان کا بھی لگاتار سو کروڑ کلب میں شامل فلموں کا تسلسل ٹوٹ چکا ہے تاہم انہوں نے پٹھان کی کامیابی سے اپنی گنتی دوبارہ شروع کر دی ہے۔
شاہ رخ خان کے بعد لگاتار 5 فلموں کے ساتھ اجے دیوگن چوتھے نمبر پر ہیں، ان کی گول مال اگین، ریڈ، ٹوٹل دھمال، دے دے پیار دے اور تنہا جی نے سو کروڑ کلب میں جگہ بنائی لیکن اب انہیں بھی اپنی گنتی ’صفر‘ سے شروع کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ عامر خان چار فلموں دھوم 3، پی کے، دنگل اور ٹھگز آف ہندستان کے ذریعے لگاتار سو کروڑ کمانے والی فلموں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر تھے لیکن ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد انہیں بھی اپنی گنتی دوبارہ شروع کرنا ہوگی۔
اس فہرست میں رنویر سنگھ بھی 4 لگاتار فلموں کے بعد اب دوبارہ سے گنتی شروع کریں گے جبکہ ہرتیک روشن بھی تین فلموں کے ساتھ سو کروڑ کمانے والی فلموں کے اسٹارز کی فہرست میں شامل ہیں۔