05 مئی ، 2023
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے بھارتی ہم منصب جےشنکر کے مصافحہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سے مصافحہ معمول کا رسمی عمل تھا۔
گوا میں جیونیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک میزبان نے ایک مہمان کا خیر مقدم کیا جیسے باقی وزرائے خارجہ کا کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میزبانوں نے ابھی تک ہمیں کوئی شکایت کا موقع نہیں دیا، ابھی تک سب کچھ ٹھیک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جولائی میں بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیرخارجہ کی جانب سے وزرائے خارجہ کونسل کے اعزاز میں دیے گئےعشائیہ کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان مصافحہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عشائیے میں سب سے آخر میں پہنچے، بلاول بھٹو کے پہنچنے پر جے شنکر نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر ان سے ہاتھ ملایا، دونوں وزرائے خارجہ نے مصافحے کے دوران خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری سے پہلے روسی وزیر خارجہ عشائیہ کی تقریب میں پہنچے، بلاول بھٹو اور روسی وزیر خارجہ باہمی ملاقات کے باعث عشائیہ میں تاخیر سے پہنچے۔
یہ بھی یاد رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت کے ساحلی شہر گوا میں ہیں۔