کھیل

نمبر ون ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے خواب سے کم نہیں، اسامہ میر

فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں شاندار بولنگ  سے ٹیم کو کامیابی دلوانے کے باوجود جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دے دیا۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

جمعہ کو پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں 102 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی اور ساتھ ہی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔

کراچی میں ہونے والے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 334رنز بنائے۔ بابراعظم 107 رنز کی اننگز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹام لیتھم 60 اور مارک چیپمین 46 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے اسامہ میر 4 اور محمد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 میچ کے بعد جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسامہ میر نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ ساری ٹیم کو جاتا ہے،  ٹیم میں زبردست ماحول بنا ہوا ہے، ہر کوئی انجوئے کر رہا ہے،  ہر کسی کو موقع مل رہا ہے۔

اسامہ میر کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ایسا اعتماد دیا ہے کہ خود کو ہر چیز کیلئے تیار محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کیلئے اچھی پرفارمنس دینا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، کافی محنت کی تھی،خود پر اعتماد تھا اور پھر جو اعتماد کپتان نے دیا اس کو لے کر میدان میں اترا تھا، کوشش کی کہ صورتحال کے مطابق بولنگ کروں جس کی وجہ سے کامیابی ملی۔

انہوں نے کہا کہ نمبر ون ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے خواب سے کم نہیں ہے، اس لمحے اپنے احساسات بتانے کیلئے الفاظ نہیں، بطور اسپورٹس مین اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں چاہ سکتا۔

اسامہ میر نے مزید کہا کہ منیجمنٹ نے سب پلیئرز کو ہر میچ کیلئے تیار رکھا ہوا ہے، ہر پلیئر کا ایک جیسا چیمپئن مائنڈ سیٹ بنایا اور  ورلڈ کپ اور ایشیا کپ سے قبل کھلاڑیوں کو تیار کیا جا رہا ہے، چیمپئن مائنڈ سیٹ کیلئے اتحاد بہت ضروری ہے۔

ان کا کہناتھا کہ ٹیم کا اتحاد کافی مثالی ہے، ہر کوئی ایک دوسرے کی پرفارمنس پر خوش ہوتا ہے،  ٹیم کا ہر ممبر دوسرے ممبر کو بیک کر رہا ہے،اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز پانچ صفر سے جیتنے کی کوشش کریں گے، ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کریں گے، رزلٹ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

مزید خبریں :