09 مئی ، 2023
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فرانسیسی کلب کو خیر باد کہہ کر سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ انکشاف برطانوی اشاعت ڈیلی ایکسپریس نے پیر کو کیا۔
رپورٹس کے مطابق لیونل میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں، مگر پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر لیونل میسی کو 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ لیونل میسی پر سعودی عرب میں سیاحت کے سفیر کے طور پر ذمہ داری نبھانے پر کلب کی جانب سے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
2021 میں لیونل میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال تک کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا جو رواں سال ختم ہوجائے گا۔
تاہم فرانسیسی کلب کی جانب سے معطلی پر خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ لیونل میسی معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
ایسے میں رپورٹس سامنے آئیں کہ سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی کلب کی جانب سے میسی کو 262 ملین پاؤنڈز( 93 ارب روپے سے زائد) سالانہ معاہدے کی پیشکش کی جو کہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔
اب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2025 تک سعودی کلب النصر کے لیے کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔