10 مئی ، 2023
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہائی کورٹ کا عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عسکری اداروں کے بیان بازی سمیت دیگر کیسز میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں ہائیکورٹ میں رینجرز کی بھاری نفری نے عمران خان کو حراست میں لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری کے دوران رینجرز کی جانب سے عدالتی برانچ کے شیشے توڑنے اور وکلا پر تشدد کرنے کے معاملےکا نوٹس لیا تھا اور متعلقہ حکام کو طلب کیا تھا جس کے بعد دلائل سننے کے بعد عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔