گوگل آپ کے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے؟

گوگل آپ کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہے / فائل فوٹو
گوگل آپ کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہے / فائل فوٹو

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن، ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم، ای میل سروس اور موبائل آپریٹنگ سسٹم کے طور پر کام کرنے والی کمپنی گوگل اپنے صارفین کے بارے میں بہت کچھ جانتی ہے۔

جب آپ کسی گوگل اکاؤنٹ پر سائن ان ہوتے ہیں تو اپنی تمام ڈیوائسز پر موجود تفصیلات تک رسائی اس کمپنی کو دیتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے بھی ڈیٹا کو اکٹھا کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے زور دیا جاتا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کا احترام کیا جاتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ گوگل آپ کے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے؟

گوگل ہمارے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے؟

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ آپ روزانہ متعدد بار گوگل سرچ کو استعمال کرتے ہیں اور یہ کمپنی ان سرچز سے بھی کافی ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، جس سے آپ کی شخصیت کے بارے میں بھی کافی کچھ معلوم ہوتا ہے۔

مگر زیادہ تفصیلات گوگل اکاؤنٹ بنانے پر کمپنی کے پاس بتدریج پہنچتی ہیں، اگر آپ گوگل ڈیش بورڈ کا رخ کریں تو معلوم ہوگا کہ آپ گوگل کی کون کونسی سروسز استعمال کر رہے ہیں اور وہاں کیا کچھ کرتے ہیں۔

گوگل کے پاس آپ کے بارے میں جو بنیادی ڈیٹا موجود ہوسکتا ہے وہ درج ذیل ہے۔

آپ کا نام، جنس اور تاریخ پیدائش۔

ای میل ایڈریس۔

فون نمبر۔

آپ کی رہائش کہاں ہے۔

کہاں کام کرتے ہیں۔

کن ویب سائٹس پر وزٹ کرتے ہیں۔

گوگل پر کی جانے والی سرچز۔

آپ کی اشتہاری ترجیحات۔

آپ کی دلچسپیاں۔

وہ مقامات جہاں آپ گھوم چکے ہیں۔

یوٹیوب سرچ اور واچ ہسٹر۔

گوگل اسسٹنٹ کو دی جانے والی ہدایات۔

تو ہم اپنی گوگل ایکٹیویٹی کہاں دیکھیں؟

مائی ایکٹیویٹی پیج پر یہ آپشن نظر آئیں گے / اسکرین شاٹ
مائی ایکٹیویٹی پیج پر یہ آپشن نظر آئیں گے / اسکرین شاٹ

گوگل نے اس حوالے سے کچھ عرصے قبل نئے ٹولز متعارف کرائے تھے، جن سے کمپنی کے پاس جمع ہونے والے ذاتی ڈیٹا کی ٹائم لائن اور انہیں ڈیلیٹ کرنا آسان ہوگیا ہے۔

اس مقصد کے لیے گوگل اکاؤنٹ میں مائی ایکٹیویٹی پیج پر جائیں، جہاں آپ ویب اینڈ ایپ ایکٹیویٹی، لوکیشن ہسٹری اور یوٹیوب ہسٹری جیسے آپشنز دیکھ سکیں گے۔

اس پیج پر نیچے اسکرولنگ کرتے ہوئے آپ اپنی تمام تر ویب سرگرمیوں بشمول سرچز، میپ براؤزنگ، یوٹیوب اور دیگر کی فہرست دیکھ سکیں گے۔

آپ مخصوص آئٹم کو سرچ کر سکیں گے یا تاریخ یا پراڈکٹ کے مطابق فلٹر بھی کر سکتے ہیں۔

وہاں موجود تفصیلات کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ نے کمپنی کو کس حد تک ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

اسی طرح گوگل پر مائی اکاؤنٹ پیج پر بائیں جانب ڈیٹا اینڈ پرائیویسی کے آپشن پر کلک کریں اور وہاں نیچے پرسنلائزڈ ایڈز (ads) کے ٹیب میں مائی ایڈ سینٹر کے آگے بنے ایرو پر کلک کریں۔

وہاں آپ دیکھ سکیں گے کہ گوگل کو آپ کے بارے میں کیا کچھ معلوم ہے جیسے جنس، عمر، کونسی زبانیں جانتے ہیں، شادی شدہ ہے یا نہیں، تعلیم کتنی ہے، کس چیز میں زیادہ دلچسپی ہے اور بھی کافی کچھ معلوم ہوگا۔

تو ڈیٹا ڈیلیٹ کیسے کریں؟

آپ ڈیٹا کو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں / اسکرین شاٹ
آپ ڈیٹا کو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں / اسکرین شاٹ

مائی ایکٹیویٹی پیج پر اسکرولنگ کے دوران نظر آنے والی فہرست میں موجود ہر چیز کے آگے بنے X کے نشان پر کلک کرکے اسے ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔

اگر ایک ایک کرکے ڈیلیٹ نہیں کرنا چاہتے ہیں تو فلٹر بائی ڈیٹ اینڈ پراڈکٹ کے آگے بنے آپشن پر کلک کرکے ایک گھنٹے، 24 گھنٹے، کاسٹیوم رینج یا آل ویز کے آپشن کو منتخب کرکے ہسٹری کو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔

آپ اپنی پسند کے دورانیے کے ڈیٹا کو بھی ڈیلیٹ کر سکتے ہیں / اسکرین شاٹ
آپ اپنی پسند کے دورانیے کے ڈیٹا کو بھی ڈیلیٹ کر سکتے ہیں / اسکرین شاٹ

اسی طرح ویب اینڈ ایپ ایکٹیویٹی، لوکیشن ہسٹری یا یو ٹیوب ہسٹری کے ٹیبز میں بنے ایرو پر کلک کرکے کمپنی کو ہر قسم کا ڈیٹا اکٹھا کرنے سے روک سکتے ہیں۔

اس کے لیے ٹرن آن کے آپشن کو ان ایبل کرنا ہوگا۔

آپ گوگل کو ڈیٹا اکٹھا کرنے سے بھی روک سکتے ہیں / اسکرین شاٹ
آپ گوگل کو ڈیٹا اکٹھا کرنے سے بھی روک سکتے ہیں / اسکرین شاٹ

تو گوگل ڈیٹا اکٹھا کیوں کرتا ہے؟

گوگل کے مطابق عموماً یہ ڈیٹا سروسز کو بہتر بنانے اور اشتہارات دکھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

کونسی ڈیوائسز، ایپس اور سروسز کو آپ کے گوگل ڈیٹا تک رسائی ہوتی ہے؟

مائی اکاؤنٹ پر پرمیشنز کے پیج میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کونسی ایپس یا سروسز کو آپ کے گوگل ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے۔

ان سروسز یا ایپس کی رسائی کو آپ ختم بھی کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :