Time 16 مئی ، 2023
پاکستان

’پولیس نے والدین کو گھسیٹ کر باہر نکالا‘، شہریار آفریدی کے بیٹے کا الزام

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ پر شہریار آفریدی کے بیٹے کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ہے/ فائل فوٹو
پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ پر شہریار آفریدی کے بیٹے کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ہے/ فائل فوٹو

پی ٹی آئی نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے حوالے سے ان کے بیٹے کی ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے حکومت پر ایک بار پھر تنقید کی ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ پر شہریار آفریدی کے بیٹے کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ہے جس میں ان کے بیٹے نے والد کی گرفتاری کے وقت پولیس کی بدسلوکی کا ذکر کیا۔

شہریار آفریدی کے بیٹنے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرے والد کو ہمارے گھر سے گرفتار کیا گیا، پولیس گھر میں آئی اور گھر کی چیزیں اور دروازے توڑنا شروع کردیے، اس وقت میرے والدین کمرے میں تھے، پولیس نے انہیں گھسیٹ کر باہر نکالا جس دوران میرے والد کو چوٹ آئی، انہوں نے میری بہن کو بھی دھکا دیا جس سے اسےبھی بری طرح چوٹ آئی، اس دوران پولیس والد اور وہاں موجود ملازمین اور گارڈز کو بھی دھکے دیتی رہی۔

ٹوئٹ میں شہریار آفریدی کے بیٹے نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی اس عمل پر آواز اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ آواز اٹھائیں اس لیے نہیں کہ میرے والد کو گرفتار کیا گیا ہے بلکہ اس لیے آئندہ کوئی بھی بغیر وارنٹ کسی کی پرائیویسی پر حملہ آور ہونے یا انہیں گرفتار کرنے کی ہمت نہ کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد سے تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :