16 مئی ، 2023
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم کا کہنا تھاکہ دیکھا سُنا اور پڑھا تو یہ تھا کہ سیاسی رہنما اور کارکنان گھبراتے نہیں اور سیاسی رہنما نظریے کے لیے بہادری سے گرفتاریاں پیش کرتے ہیں اور حوصلے سے قید وبند کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے، قربانی دیتے ہیں ناقابلِ تلافی نقصانات برداشت کرتے ہیں۔
مریم کا کہنا تھاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انقلابی جماعت ایسی بھی آئی جس نے ڈر کے مارے ٹانگ پر پلستر چڑھائے، انقلابی جماعت نے سر پر بالٹیاں رکھنے، ویل چیئر پر بیٹھ جانے کی نئی تاریخ رقم کردی۔
ان کا کہنا تھاکہ انقلابی جماعت نے اسپتالوں، کورٹ روم اور باتھ روم میں چھپنے اور جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگانے کی نئی تاریخ رقم کی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
فواد چوہدری رہائی کےبعد جیسے ہی گھر واپسی کے لیے گاڑی میں بیٹھے تو انہوں نے اپنے سامنے پولیس اہلکاروں کو دیکھا تو وہ گاڑی سے اتر کر بھاگ نکلے۔