17 مئی ، 2023
لاہور: 9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق دوپہر 2 بج کر 35 منٹ سے 2 بج کر 40 منٹ تک مظاہرین زمان پارک میں جمع ہونا شروع ہوئے اس کے بعد 2:55 سے 3:20 کے دوران یاسمین راشد اور دیگر شرپسند قائدین لبرٹی چوک پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق سہ پہر4 بج کر 5 منٹ پر مشتعل ہجوم نے کینٹ کا رخ کیا، 4:05 پر پہلے سے شرپسندوں کا ایک ٹولہ شیرپاؤ برج پر پہنچا ہوا تھا جس کے بعد 25 سے30 افراد پرمشتمل ٹولے نے شام 5:15 پر جناح ہاوس پر پہلا دھاوا بولا۔
5:27 پر شرپسندوں نے جناح ہاؤس پربڑھتی تعداد کے ساتھ دوبارہ انٹری کی، 5:30 سے 6 بجے تک شرپسندوں نے جناح ہاؤس میں توڑپھوڑ کرکے شدید نقصان پہنچایا، شام 6 بج کر 7 منٹ پر جناح ہاؤس کو مکمل جلادیا گیا جب کہ 6:10 پرفورٹریس سے شرپسندوں کی مزید تعداد جناح ہاؤس پہنچی، 6:13 پر ایک اور جتھہ دھرم پورہ سے جناح ہاؤس پہنچا، 6:30 سے7:55 تک تقریباَ 2 ہزار لوگوں نے جناح ہاؤس کومکمل تباہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس کی تباہی کا یہ سلسلہ رات 8 بجے تک جاری رہا، شرپسندوں نے ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفترپربھی حملہ کیا، تقریباً 200 سے زائد جگہوں پر 2 سے 3 گھنٹے میں شرپسندوں نے ملک میں تباہی مچائی اور جناح ہاؤس پرپوری منصوبہ بندی اور کوآرڈینیشن کے ساتھ منظم طریقے سے حملہ کیا گیا۔