18 مئی ، 2023
مونٹانا امریکا کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں عام شہریوں کی ڈیوائسز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
مونٹانا کے گورنر Greg Gianforte نے ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کے ریاستی قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس قانون کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔
ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر پہلے ہی سرکاری ڈیوائسز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔
اب ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک پر مکمل پابندی شہریوں کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی جاسوسی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
دوسری جانب ٹک ٹاک نے کہا ہے کہ یہ پابندی امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحت شہریوں کو حاصل حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کو مونٹانا میں لاکھوں افراد استعمال کرتے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہم کوششیں جاری رکھیں گے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے پابندی کے قانون کو عدالت میں چیلنج کیے جانے کا امکان ہے۔
شہریوں کی ڈیوائسز میں ٹک ٹاک پر پابندی کے بل کی منظوری اپریل 2023 میں مونٹانا کے قانون سازوں نے دی تھی۔
اس قانون کے تحت ایپ اسٹورز کے لیے ٹک ٹاک کو رکھنا غیر قانونی ہو جائے گا، تاہم جو افراد پہلے سے اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کو استعمال کر رہے ہیں، ان پر پابندی کا نفاذ نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکا کی متعدد ریاستوں نے سرکاری ڈیوائسز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور اسے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔