Time 19 مئی ، 2023
کھیل

کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کیلئے کوششیں تیز

دنیا بھر میں کرکٹ کے 1 ارب سے زیادہ فینز ہیں، 90 فیصد شائقین چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جائے: آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے/فوٹوفائل
دنیا بھر میں کرکٹ کے 1 ارب سے زیادہ فینز ہیں، 90 فیصد شائقین چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جائے: آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے/فوٹوفائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے کرکٹ کو اولمپکس  میں شامل کرنے کیلئے  کوششیں تیز کردی ہیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے 1 ارب سے زیادہ فینز ہیں، 90 فیصد شائقین چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جائے۔

آئی سی سی  کے مؤقف کے مطابق  انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرکے انڈین مارکیٹ سے بڑی کمائی کرسکتی ہے،آئی او سی انڈیا سےمیڈیا رائٹس کی مد میں 130 سے 260 ملین ڈالر کماسکتی ہے۔

 آئی سی سی  کا کہنا ہے کہ پیرس 2024 اولمپکس کیلئے آئی اوسی کی انڈین مارکیٹ کیلئے میڈیا رائٹس 31 ملین ڈالر تک محدودرہے ہیں۔

کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کیلئے آئی سی سی جے شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا چکاہے، آئی سی سی نے تجویز دی ہے کہ اولمپکس میں مردو خواتین کی 6،6 کرکٹ ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلیں گی تاہم کرکٹ کو شامل کرنے کا حتمی فیصلہ ممبئی میں آئی او سی کی اکتوبرمیں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائےگا۔

لاس اینجلس کے سابق میئر اور بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنےکی خواہش کا اظہار کیا۔

 امریکی سفیرایرک گارسیٹی کا کہنا تھا کہ امریکا کرکٹ کو لاس اینجلس اولمپکس میں شامل کرنےکا خواہشمند ہے۔

مزید خبریں :