Time 10 اگست ، 2021
کھیل

آئی سی سی نے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کروانے کیلئے کوششیں شروع کردیں

آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی بڈ کےلئے ورکنگ کمیٹی بنادی گئی ہے فوٹو:فائل
آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی بڈ کےلئے ورکنگ کمیٹی بنادی گئی ہے فوٹو:فائل

کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2028  لاس اینجلیس اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کروانے کی کوشش شروع کردیں۔

آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی بِڈ کے لیے ورکنگ کمیٹی بنادی گئی ہے۔

آئی سی سی  کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ  پوری دنیا میں کرکٹ کے  شائقین موجود  ہیں، خاص طور پر جنوبی ایشیا میں جہاں ہمارے 92 فیصد شائقین ہیں جبکہ   خود امریکا میں 3 کروڑ کے قریب کرکٹ فینز ہیں اور تمام  شائقین اپنے ہیروز کو   اولمپک میڈل کیلئے  مقابلہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اولمپک گیمز میں کرکٹ کا اضافہ کرکٹ اور اولمپکس  دونوں کے لیے فائدہ مند ہوگا ۔

 آئی سی سی کے چیئرمین  کا مزید کہنا تھا کہ اولمپکس 2028 میں کرکٹ کو شامل کرنے سے فینز کو بھی اطمینان ہوگا اور اولمپکس میں یہ ایک شاندار اضافہ ہوگا، آئی سی سی کی پوری کوشش ہے کہ کرکٹ کو  لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں شامل کیا جائے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کو ایک بار  پہلے بھی 1900 میں پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جس میں 2 ٹیمیں انگلینڈ اور فرانس شامل تھیں، اگر  لاس اینجلیس اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرلیا جاتا ہے تو کرکٹ شائقین کا 128 سال کا انتظار ختم ہوجائے گا اور اپنے ملک کی کرکٹ  ٹیموں کو اولمپکس میں مقابلہ کرتے دیکھ سکیں گے۔

یاد رہے کرکٹ کو 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :