ایک آئی فون نے 10 نوجوانوں کی زندگی بچا لی

ان نوجوانوں کو امدادی ٹیم نے تلاش کیا / فوٹو بشکریہ وینچرا کاؤنٹی شیرف آفس
ان نوجوانوں کو امدادی ٹیم نے تلاش کیا / فوٹو بشکریہ وینچرا کاؤنٹی شیرف آفس

ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں پہلی بار سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ فیچر لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اہم ہے اور بنیادی طور پر اس کا مقصد انسانی زندگیاں بچانا ہی ہے۔

اس فیچر سے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ممکن ہوتا ہے۔

اب اس فیچر نے ایک بار پھر زندگی بچانے میں مدد فراہم کی ہے بلکہ اس بار تو پورے گروپ کو بچا لیا ہے۔

این بی سی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں جنوبی کیلیفورنیا میں ہائیکنگ کرنے والے نوجوانوں کا ایک گروپ راستہ بھول گیا تھا۔

10 افراد میں سے مشتمل گروپ Los Padres National Forest کے آبی درے میں ہائیکنگ کر رہا تھا جب وہ نوجوان راستہ بھول گئے اور 3 گھنٹے تک بھٹکتے رہے۔

وینچرا کاؤنٹی کی ڈپٹی شیرف میکنزی اسپیئرز نے بتایا کہ بیشتر ہائیکرز اپنے سفر کے لیے درست طور پر تیار نہیں ہوتے اور مشکل حالات میں بدحواس ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر افراد ہائیکنگ کے لیے درکار لباس کی بجائے ٹی شرٹس اور شارٹس کا استعمال کرتے ہیں، حالانکہ یہ راستہ کافی مشکل ہوتا ہے۔

خوش قسمتی سے راستہ بھول جانے والے گروپ میں شامل ایک فرد کے آئی فون میں ایمرجنسی ایس او ایس فیچر ان ایبل تھا اور رات 8 بجے اس کے ذریعے مدد طلب کی گئی۔

اس فیچر کے ذریعے لوگ اپنی ممکنہ لوکیشن اور حالات کی تفصیلات بھی امدادی ورکرز سے شیئر کر سکتے ہیں۔

مدد طلب کیے جانے بعد امدادی ٹیم نے 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد نوجوانوں کے اس گروپ کو ڈھونڈ لیا اور انہیں واپس لایا گیا۔

امدادی ٹیم کے مطابق یہ اب تک کا سب سے بڑا گروپ ہے جسے ایسے حالات میں بچایا گیا اور کسی بھی نوجوان کو طبی امداد کی ضرورت نہیں پڑی۔

مزید خبریں :