22 مئی ، 2023
امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈلفیا کے ایک ریسٹورنٹ میں امریکا کا مہنگا ترین چیز برگر فروخت کیا جا رہا ہے جس کی قیمت 700 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ روپے) ہے۔
یقیناً آپ بھی اب سوچ رہے ہوں گے ایسا کیوں ہے ؟
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلاڈلفیا میں موجود ڈروری بیئر گارڈن میں فروخت کیے جانے والے اس برگر کے مہنگے ترین ہونے کی وجہ اس پر چڑھایا جانے والا سونے کا ورق اور اس کی تیاری کے دوران شامل کیے جانے والے وہ خاص اجزا ہیں جو برگر کو دنیا کے مہنگے ترین کھانوں میں شامل کرتے ہیں۔
برگر کے اجزا میں جاپانی نسل کے گائے کا مشہور ویگیو بیف ، اٹلی کے بلیک ٹرفل آئرش پنیر ، شہد ، لوبسٹر فلیم بیڈ(مخصوص طریقے سے تیار جھینگا ) کیویر ( مچھلی کے انڈوں سے تیار اچار اور 5000 ڈالر کی لوئس کوگناک کا ایک اونس بھی شامل کیا جاتا ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ ان کے اس نئے مینیو کا مقصد اپنے گاہکوں کی دلچسپی اور توجہ سمیٹنا ہے۔
واضح رہےکہ دنیا کے اب تک کے مہنگے ترین برگر کی قیمت 6000 ڈالر ہے جو کہ نیدرلینڈ کے ریسٹورنٹ ڈی ڈالٹن میں ملتا ہے۔