Time 23 مئی ، 2023
پاکستان

توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری 6 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب

اگلی سماعت پر ہم آپ کے دلائل سن لیں گے اورجواب بھی پڑھ لیں گے، شوکاز نوٹس پر فیصلہ کر دیں گے: چیف الیکشن کمشنر— فوٹو:فائل
اگلی سماعت پر ہم آپ کے دلائل سن لیں گے اورجواب بھی پڑھ لیں گے، شوکاز نوٹس پر فیصلہ کر دیں گے: چیف الیکشن کمشنر— فوٹو:فائل

توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔

توہین الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔

فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے اور کہا کہ میں فواد چوہدری کو نوٹس کا جواب جمع کرا رہا ہوں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کے اختیارات کے حوالے سے اعتراضات ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ کیا توہین کے مرتکب آئے ہیں؟ کیس کی 6 سماعت ہو چکی ہیں۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری لاہور ہائی کورٹ میں ہیں، دو جگہ پر حاضری مشکل ہوتی ہے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ توہین کے مرتکب پیش ہوں تو ہم دلائل سنیں گے۔

فیصل چوہدری نے جواب میں کہا کہ نوٹس کا جواب مطمئن کرے تو شو کاز نوٹس جاری نہ کریں۔

سکندرسلطان راجہ نے کہا کہ اگلی سماعت پر فواد چوہدری ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،  اگلی سماعت پر ہم آپ کے دلائل سن لیں گے اورجواب بھی پڑھ لیں گے، شوکاز نوٹس پر فیصلہ کر دیں گے۔

کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں :