23 مئی ، 2023
وفاقی وزیر توانائی انجینیئر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ فیاض چوہان کے الزامات کے بعد اگر ثبوت مل گئے تو پی ٹی آئی پر پابندی لگ سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے الزامات کے ثبوت ملے تو پی ٹی آئی پر پابندی لگ سکتی ہے، پارٹیوں پر پابندی مسائل کا حل نہیں، اگر پارٹی کی عوام میں جڑیں مضبوط ہوں تو پارٹی قائم رہتی ہے، ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو ن لیگ میں لیا جائےگا یا نہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ پارٹی میں لینے یا نہ لینے کا فیصلہ نوازشریف کریں گے۔
خیال رہے کہ فیاض چوہان نے آج پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ زوم میٹنگ میں ترجمانوں کو کہا جاتا تھا کہ فوج مخالف بیانیہ تیار کیا جائے، یکم مئی کی ریلی پریکٹس کے طور پر رکھی گئی کہ فوجی دفاتر کی طرف رخ کریں، 6 مئی کو عمران خان کے حکم پر کچہری چوک پر ریلی رکھی گئی، واثق قیوم، عمر تنویر کے علاوہ رہنماؤں کو رضا مند کیا کہ مریڑ پل کراس نہیں کرنا، واثق قیوم کو ڈائریکٹ میسج آیا کہ جی پی او چوک پہنچیں۔
فیاض چوہان کا کہنا تھاکہ 14 مئی کو زوم میٹنگ میں بیرونی ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کی، 70 امریکی کانگریس ارکان کا لابی کرنے کا معلوم ہوا تو دھچکا لگا، فوج اور پاکستان سے محبت آج نہیں ہمیشہ سے تھی اور ہے۔