ایپیکس کمیٹی کا اسمبلی چوک پشاور میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی کا فیصلہ

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں حکومت اپنی رٹ قائم رکھے گی۔— فوٹو: اسکرین گریب
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں حکومت اپنی رٹ قائم رکھے گی۔— فوٹو: اسکرین گریب

خیبر پختونخوا کی ایپیکس کمیٹی نے 9 مئی کے پر تشدد واقعات کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں جبکہ پرتشدد واقعات میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی۔

اجلاس میں اسمبلی چوک پشاور میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا  اعظم خان کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران توڑ  پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں حکومت اپنی رٹ قائم رکھے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیر اطلاعات، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مظاہروں کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے۔

اجلاس میں پشاور کے اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو احتجاجی مظاہروں کیلئے متبادل جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں اینٹی رائٹس اسکواڈ کیلئے جدید آلات کی خریداری کیلئے 303 ملین روپے جبکہ دوسرے مرحلے میں 601 ملین اورتیسرے مرحلے میں ایک ارب 20 کروڑ روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ریپڈ رسپانس کنٹنجنسی پلان تیار کرنے اور ریڈ زونز کی سکیورٹی کیلئے جدید آلات سے لیس پولیس کا خصوصی دستہ مختص کرنے جبکہ ریڈ زونز سے باہر واقع اہم سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کی نشاندہی کرنے اور ناخوشگوار واقعات کے تدارک کیلئے صوبے اور ڈویژن کی سطح پر جوائنٹ کنٹرول رومز بنانے کے فیصلے کیے گئے۔

مزید خبریں :