Time 25 مئی ، 2023
جرائم

کراچی کے ہوٹلوں میں مردہ مرغیاں سپلائی کرنیوالا گروہ ایک ہزار مری ہوئی مرغیوں سمیت گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں مردہ مرغیوں سے بھری دو گاڑیاں پکڑلی گئیں، ایک ہزار سے زائد مری ہوئی مرغیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے  کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹھٹھہ کے پولٹری فارمز سے مردہ مرغیاں خرید کر شہر میں سپلائی کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان کو ایک ہزار مردہ مرغیوں سمیت گرفتار کرلیا ۔

عوامی کالونی میں گشت کے دوران پولیس نے 2 سوزوکی پک اپ کو تلاشی کے لیے روکا تو اس پر مردہ مرغیاں لوڈ تھیں۔

پولیس نے گاڑیوں میں موجود تین ملزمان حسنین،جاوید اور فاروق کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی عمران عرف مانا فرار ہوگیا۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ  وہ مردہ مرغیاں ٹھٹھہ کے مختلف پولٹری فارمز سے جمع کرکے کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید کے مختلف ہوٹلوں، ریسٹورنٹ اور مارٹ میں سپلائی کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گروہ کے سربراہ کامران ملک کی گرفتاری کے لیے کورنگی جے ایریا میں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا لیکن وہ فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد مرغیوں کا وزن 2 ہزار کلو سے زیادہ ہے، ملزمان گرفتاری سے پہلے ساڑھے سات سو کلو مردہ مرغیاں سپلائی کر چکے تھے،ملزمان روزانہ 20 سے زائد جگہوں پر مردہ مرغیاں سپلائی کرتے تھے۔

مزید خبریں :