25 مئی ، 2023
راولپنڈی: یوم تکریم شہدائے پاکستان پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ اور سروسز افسران نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے آج کا دن پوری قوم کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہر شہید کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، شہدا نے قوم اور مادر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہےکہ شہدا کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں، پاکستان کے دشمنوں کے پروپیگنڈے سے قطع نظر ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستانی قوم شہدا اور ان کےقابل فخر خاندانوں کے دل کی گہرائیوں سے مقروض ہے، شہدا ہمارا فخر تھے،ہیں اور ہمشہ رہیں گے، وہ ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں۔