25 مئی ، 2023
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ایشیاکپ کے میزبان ملک سمیت شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جب کہ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کا حتمی فیصلہ کب کیا جائے گا۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جے شاہ نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والے ملک یا ممالک اور شیڈول سے متعلق حتمی فیصلہ آئی پی ایل کے فائنل کے موقع پر کیا جائے گا جس میں ایشین کرکٹ کونسل کی اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ہم آئی پی ایل میں مصروف ہیں لیکن سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کرکٹ بورڈ کی سرکردہ شخصیات 28 مئی کو ہونے والا آئی پی ایل فائنل دیکھنے آرہی ہیں، ہم بات چیت کریں گے اور اسی دورانیے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں برس ایشیاکپ کا میزبان پاکستان ہے تاہم بھارتی بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے، بی سی سی آئی کے انکار پر پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا جو اب تک منظور نہیں کیا گیا۔
ہابرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں چار میچ کھیلے جائیں گے جب کہ ان میچوں میں سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ بھارت اپنے تمام میچز نیوٹرول وینیو پر کھیلے گا۔