26 مئی ، 2023
دلکش اور خوبصورت بال ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے جس کیلئے کافی جتن کی جاتی ہے کبھی مہنگے ہیئر پروڈکٹس خرید کر تو کبھی گھریلو ٹوٹکے آزما کر لیکن پھر بھی ناکامی ہی ہاتھ آتی ہے۔
اس ناکامی کی بڑی وجہ ہمارا طرز زندگی ہے، ہم روزانہ کی بنیاد پر ایسے کھانے کھا رہے ہوتے ہیں جو بالوں کو کمزور کرتے ہیں اور ہمیں معلوم بھی نہیں ہوتا۔
بالوں کی صحت کا تعلق بھی آپ کی روزمرہ غذاؤں سے جڑا ہے، آپ جتنی اچھی خوراک کھائیں گے آپ کے بال بھی اتنے ہی صحت مند اور خوبصورت نظر آئیں گے۔
تو آئیے ان غذاؤں کی بات کرتے ہیں جن کے استعمال سے آپ کے بال کمزور ہورہے ہیں۔
شوگر سے بھرپور کھانے:
شوگر سے بھرپور کھانے ناصرف جسم میں خرابی پیدا کرتے ہیں بلکہ جلد کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
لیکن اب بتایا جارہا ہے کہ شوگر سے بھرپور کھانے انسانی جسم میں ہارمونز میں خرابی کا باعث بنتے ہیں جس کی وجہ سے بالوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔
فاسٹ فوڈ:
روزانہ فاسٹ فوڈ کھانے والے افراد خبردار ہوجائیں کیونکہ آپ مزے دار فاسٹ فوڈ کھا کر اپنے بالوں کو خراب کررہے ہیں، فاسٹ فوڈ میں موجود چکنائی اور سوڈیم کی زیادہ مقدار بالوں کی صحت کیلئے خطرناک ہے۔
کیفین:
کافی پینے کے شوقین افراد کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کیفین کا زیادہ استعمال بھی بالوں کی رونق کو ماند کردیتا ہے کیونکہ کیفین جسم میں پانی کی مقدار کو کم کرکے خشکی پیدا کرتا ہے جس سے بالوں کی نشونما متاثر ہوتی ہے۔
آئرن کی کمی والے کھانے:
جسم میں آئرن کی کمی بال جھڑنے کی بڑی وجہ قرار دی جاتی ہے ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بال ہمیشہ صحت مند رہیں تو اپنے کھانوں میں پالک، گوشت، دالوں سمیت ایسے کھانوں کا استعمال بڑھادیں جن میں آئرن کی مقدار زیادہ ہو۔