ٹرین میں آگ لگ جائے تو مسافروں کو کیا کرنا چاہیے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اگر آپ ٹرین میں سفر کر رہے ہیں اور اچانک آپ کی بوگی میں آگ لگ جائے تو آپ کیا کریں گے؟ اس سوال کا جواب جاننا تمام مسافروں کے لیے ضروری ہے۔

 ترجمان پاکستان ریلوے بابر علی رضا کے مطابق اس صورت حال میں سب سے زیادہ اہم اپنے اعصاب پر قابو رکھنا ہے،  آگ دیکھ کر اگر ایک مسافر دوسرے سے پہلے بوگی کی دوسری طرف جانے کی کوشش کرے گا تو اس دھکم پیل میں نقصان کا زیادہ اندیشہ ہے۔

آپ کو جیسے ہی معلوم ہو کہ آپ کی بوگی میں آگ لگی ہے تو فوراً زنجیر کھینچیں تا کہ ٹرین ڈرائیور کو ایمرجنسی صورت حال کا اندازہ ہو سکے۔ 

آپ کو جیسے ہی معلوم ہو کہ آپ کی بوگی میں آگ لگی ہے تو فوراً زنجیر کھینچیں— فوٹو: ترجمان ریلوے
آپ کو جیسے ہی معلوم ہو کہ آپ کی بوگی میں آگ لگی ہے تو فوراً زنجیر کھینچیں— فوٹو: ترجمان ریلوے

یاد رکھیں کہ زنجیر کھینچنے اور ٹرین رکنے میں تقریباً تین سے چار منٹ لگتے ہیں۔ اس دوران اگر آپ چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کی کوشش کریں گے تو بچنے کے امکانات بہت کم رہ جاتے ہیں۔

ٹرین کے ڈبے میں دائیں اور بائیں جانب واش رومز ہوتے ہیں ان واش رومز کے ساتھ آگ بجھانے والے آلات بھی رکھے ہوتے ہیں۔ 

ٹرین کے ڈبے میں دائیں اور بائیں جانب واش رومز ہوتے ہیں ان واش رومز کے ساتھ آگ بجھانے والے آلات بھی رکھے ہوتے ہیں۔ —فوٹو: ترجمان ریلوے
ٹرین کے ڈبے میں دائیں اور بائیں جانب واش رومز ہوتے ہیں ان واش رومز کے ساتھ آگ بجھانے والے آلات بھی رکھے ہوتے ہیں۔ —فوٹو: ترجمان ریلوے

اگر آپ کو ان کا طریقہ استعمال آتا ہے تو ان آلات کی مدد سے آگ بجھائیں۔ اگر آپ کو طریقہ نہیں آتا تو پھر بھی پریشان نہ ہوں، ٹرین کا عملہ زنجیر کھینچنے کے ایک سے دو منٹ کے درمیان متاثرہ ڈبے تک پہنچ جاتا ہے۔ یہ عملہ تربیت یافتہ ہوتا ہے اور آگ بجھانے سمیت دیگر ایمرجنسی صورتحال میں آپ کی مدد کرے گا۔

ٹرین کی بوگی دونوں اطراف سے دوسری بوگیوں سے متصل ہوتی ہے۔ اگر آگ بوگی کے دائیں جانب لگی ہے تو آپ بوگی کے بائیں جانب والے ڈبے میں چلے جائیں۔ اسی طرح اگر آگ بائیں جانب لگی ہے تو آپ دائیں جانب چلے جائیں۔

ترجمان ریلوے کے مطابق یاد رکھیں، آپ کے سامان سے زیادہ ضروری آپ کی جان ہے۔ آگ لگنے کی صورت میں اگر آپ سامان کی فکر کریں گے تو غیر ارادی طور پر دوسرے مسافروں کی موومنٹ کو روک دیں گے۔ آگ بہت تیزی سے پھیلتی ہے، آپ کو چاہیے کہ جتنی جلدی ہو سکے، دوسرے ڈبے میں چلے جائیں۔ متاثرہ ڈبے سے مسافروں کے انخلاء کے بعد ہمارا عملہ آپ کا سامان آپ تک پہنچانے میں پوری مدد کرے گا۔

زنجیر کھینچنے کے بعد جب گاڑی رک جائے تو آپ نیچے اتر جائیں اور ریلوے لائن سے ایک محفوظ فاصلے پر چلے جائیں۔ اس دوران متاثرہ بوگی کو باقی ٹرین سے علیحدہ کر دیا جائے گا اور پھر آپ کو ٹرین میں ایڈجسٹ کر کے منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :