27 مئی ، 2023
سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں سب سے با اثر اور چیئرمین نجم سیٹھی کے سب سے قابل اعتماد افسر ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی میں ہونے والی نئی پیش رفت میں ہارون رشید کو ڈومیسٹک کرکٹ کا بھی اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے رکن اور چیف سلیکٹر تھے۔
انہیں ندیم خان کی جگہ یہ چارج دیا گیا ہے۔ ہارون رشید ماضی میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ رہ چکے ہیں۔ احسان مانی اور وسیم خان نے نئے سسٹم کے آنے کے بعد انہیں ملازمت سےفارغ کردیا تھا۔
ہارون رشید پی سی بی کا سابقہ سسٹم بنانے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد ندیم خان کو ملازمت سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔
قومی ہائی پرفارمنس سینٹر کو دوبارہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنا دیا گیا۔ ایزد سید کو قومی اکیڈمی کا چارج دیا گیا تھا۔
ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے بعد ’مسٹر نو پرابلم‘ ہارون رشید کو ایک اور اہم ذمے داری دی گئی ہے۔ وہ بیک وقت تھری ان ون کاکام کریں گے۔ مکی آرتھر سے معاملات طے کرنے میں بھی وہ پیش پیش تھے۔